انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیراہتمام دوسرے “ھلا فروری کرکٹ ٹورنامنٹ” کا انعقاد

کویت(اوورسیز نیوز آن آن لائن/محمد عرفان شفیق سے) انصاف ویلفیئر سوسائٹی نے کویت کے یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریبات میں کھیلوں کے فروغ کے جذبے اور بلاد ثانی کویت کو محبت بھرا خراج دینے کے لیے مورخہ 25 فروری کو دوسرے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں میڈیا کے نمائندوں، مختلف کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیات کےساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور دیگر شائقین کرکٹ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کے انعقاد میں انصاف سپورٹس ونگ، انصاف یوتھ ونگ، اور انصاف سوشل ویلفیئر ونگ کا کلیدی کردار تھا، تحریک انصاف کے نوجوانوں نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ملک اخلاق احمد، نائب صدر جناب شہزاد الرحمان بٹ، انصاف سوشل ونگ کے آرگنائزر الحاج ریاض انجم ، سپورٹس ونگ کے آرگنائزر اقبال ساحر اور انصاف یوتھ ونگ کی فخر زمان خان کی سرپرستی میں شبانہ روز محنت سے اس پروگرام کو چار چاند لگا دئیے،

ٹورنامنٹ میں کویت میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کی 8 ٹیموں نے حصہ لیا، اس ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم سے کوئی انٹری فیس نہیں لی گئی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر میچ کے لیے مین آف دی میچ ایوارڈ کا بھی اہتمام کیا گیا.

ٹورنامنٹ 25 فروری صبح 7 بجے بالمقابل شیخ جابر الاحمد فٹبال سٹیڈیم شروع ہوا، جس میں حاضرین کے لیے مشروبات، اور بیٹھنے کیلئے نشستوں کا اہتمام کیا گیا، ٹورنامنٹ ناک آوٹ سسٹم کے تحت کھیلا گیا اور فائنل میں منڈی الیون اور کلیم الیون نے رسائی حاصل کی، فائنل کی کوریج انصاف سوشل میڈیا ونگ نے نہایت احسن طریقے سے کی، فائنل میں کلیم الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے اور منڈی الیون کو کو جیتنے کے لیے 104 رنز کا ہدف دیا، شائقین کرکٹ کو فائنل کی صورت میں ایک شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا، منڈی الیون نے بہت اچھا کھیل پیش کیا مگر کلیم الیون کی بہترین گیند بازی اور شاندار فیلڈنگ میچ کو آخری اوور کی آخری گیند تک لے آئی، بالآخر آخری گیند تک کی یہ کشمکش کلیم الیون کی فتح پر ختم ہوئی، انصاف ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے جیتنے والی ٹیم اور رنر اپ ٹیم کو ٹرافی، مین آف دی میچ ٹرافی،ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے والے نوجوانوں کو مین آف دی میچ ٹرافی اور فائنل جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو گولڈ میڈلز اور رنر اپ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو سلور میڈلز پیش کیے گئے،

شہزاد الرحمان بٹ نے تقسیم انعامات کے موقع پر کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی شایان شان پذیرائی کے لیے ان تمام ٹیموں کو چند روز بعد منعقد ہونے والے یوم پاکستان 23 مارچ کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی دعوت دی جائے گی۔ یہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں ضروری ہے کے نئی نسل کو صحت افزاء تفریخ مہیا کی جاۓ، انصاف ویلفیئر سوسائٹی نئے پاکستان کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی.

اس موقع پر انصاف سوشل ویلفیئرونگ کے حاجی محمد ریاض انجم نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی اور یقین دلایا آئندہ بھی انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت انہیں بہترین کھیل کے مواقع فراہم کرے گی۔

اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں جہاں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے عمومی ممبران کی کاوشیں قابل قدر ہیں، وہیں پر انصاف یوتھ ونگ کے آرگنائزر فخر زمان خان ، مبشر نواز خان، جمعہ خاں، اکرم خاں ترین، عظمت خان آفریدی، رمیض جاوید اور سپورٹس ونگ کے آرگنائزر اقبال ساحر کی انتھک محنت لائق صد تحسین ہے۔