پاکستان عوامی سوسائٹی،کویت کے زیرِ اہتمام تقریب بسلسلہ”یوم ِ یکجہتی کشمیر“کا انعقاد

کویت(اوورسیز نیوز آن لائن/محمد عرفان شفیق سے) بیداری شعور مہم، علم و آگہی اور پاکستان کی ترقی کے خواب کی تعبیر کیلئے کوشاں پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام ”یومِ یکجہتی کشمیر“ بھر پور انداز سے منایا گیا۔

تقریب میں سفارت خانہ پاکستان،کویت کے نمائندگان کے علاوہ کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسئلہ کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام تقریب کی نظامت کے فرائض معروف شاعرکاشف کمال اور میاں محمد آصف نے سر انجام دئیے۔

تلاوت قرآنِ پاک کا شرف حافظ عبدالرشیدنے حاصل کیا جبکہ نعتِ پاک کی سعادت محمد اویس اور محمد اعجاز مغل نے حاصل کی۔ پاکستان ایکسل انگلش اسکول کے ہونہار طالبِ علم حمزہ عمران اور پاکستان انگلش اسکول جلیب کے طالب علم عماد ندیم نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے موضوع پر انتہائی جوش و خروش سے تقریر کی جبکہ انٹرنیشنل اسکول و کالج آف پاکستان کے طلباء شہروز، ابوذر، حمزہ اور احمد نے ملی نغمہ پیش کرتے ہوئے سماں باندھ دیا۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن اور آئی ایس پی آر کشمیر میڈیا سیل پر نشر ہونیوالا کاشف کمال کا لکھا ہوا مقبول کشمیری ترانہ ”کشمیر تجھے آزاد تو ہونا ہے“ نامور گلوکار منظور مرزا کی آواز میں پیش کیا گیا۔

پاکستان عوامی سوسائٹی کے میڈیا سپروائیزر عطاالہیٰ نے کشمیریوں کے ساتھ ہونیوالے مظالم اور درندگی کی داستانوں پر مشتمل ایک ڈاکومینٹری پیش کی، جسے دیکھتے ہوئے حاضرین محفل کی ہر آنکھ اشکبار تھی۔

تقریب میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، سردار عتیق احمد خان، سربراہ دخترانِ ملت کشمیر،محترمہ آسیہ اندرابی، معروف تجزیہ نگار طارق اسماعیل ساگر،حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ویڈیو لنک کے ذریعے ”یومِ یکجہتی کشمیر“ کے حوالے سے اظہارِ خیال فرمایا۔ انہوں نے شہ رگ پاکستان میں بسنے والے معصوم کشمیری بہن بھائیوں ساتھ اظہارِ یکجہتی کی اس تقریب کے انعقاد پر پاکستان عوامی سوسائٹی،کویت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سوسائٹی کے ذمہ داران اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے متحرک کارکن چوہدری فضالت علی نے مسلہ کشمیر اور اس کے متوقع حل کیلئے انتہائی موثر تجاویز پیش کیں۔

کویت میں مقیم معروف فنکار سعید ہزاروی نے بانسری کے ذریعے ”میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے اک دن“انتہائی سریلے انداز میں پیش کر کے خود داد سمیٹی۔

سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مسلہ کشمیر کے سلسلے میں اصولی موقف دوٹوک ہے،ہم اقوام متحدہ کی قرارداوں کے عین مطابق اس کا حل چاہتے ہیں۔

پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے صدر سید جعفر صمدانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سینے پر کھینچی گئی خونی لکیر نے بھائی کو بھائی سے جدا کر رکھا ہے،تقریباً ایک کروڑ انسانوں کے مستقبل اور ان کے حق خود ارادیت کے مسلے کو ہم پاکستان عوامی سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے مسلم ممالک کی سلامتی کی تنظیموں اور اقوام متحدہ میں اجاگر کر رہے ہیں اور حصول آزادی تک کرتے رہیں گے۔

پاکستان عوامی کشمیر سوسائٹی کے صدر شاہد منہاس نے تمام مقررین، حاضرین اور سوسائٹی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیداری شعور کی مہم اور کشمیر کاز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے صدر حاجی عبدالرشید نے اللہ پاک کے حضورکشمیریوں کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے دعا فرمائی۔ پروگرام کے اختتام پرتقریب کے شرکاء کو پُر تکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔