تحریک انصاف کی راجہ شیراز پر قاتلانہ حملہ میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن

مظفرآباد( اوورسیز نیوز آن لائن)تحریک انصاف آزادکشمیرنے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن راجہ شیراز خان پر قاتلانہ حملہ میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا پولیس کی گاڑی میں نامزد ملزمان کو عدالت میں لا کر ضمانت کروائی گئی ہے اس حملے میں ملوث راجہ فاروق اور راجہ شاداب کو حکومتی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے اگر ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر میں سڑکیں بند کر کے احتجاج کریں گے پارٹی کی مرکزی قیادت کو اس سلسلہ میں اعتماد میں لے لیا گیا ہے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افیسران نے چوبیس گھنٹے میں ملزمان گرفتار کرنے کی یقینی دہانی کروائی ہے چیف سیکرٹری آزادکشمیر اور آئی جی پولیس سے اپیل ہے کہ وہ انصاف دلوانے کیلئے کردار ادا کریں ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن راجہ شیراز ، نائب صدر تحریک انصاف حاجی گل خنداں نے راجہ مدد علی خان ، تبریز کاظمی ، ذیشان حیدر ، راجہ عاصم ، فیصل تنولی و دیگرکے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

راجہ شیراز نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت جلال آباد گارڈن بلا کر قاتلانہ حملہ کیا گیا راجہ فاروق نامی شخص جو متہائی کا رہنے والا ہے اس نے اس سے قبل فون کر کے دھمکی دی مجھے جلال آباد گارڈن بلایا گیا کہ تحریک انصاف میں کچھ لوگ شامل ہو نا چاہتے ہیں اس سلسلہ میں ملاقات کرنی ہے جلال آباد گارڈن کے باہر آئی جی پولیس اور ایس ایس پی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی گئی پولیس نے ایف آئی آر درج کی لیکن اس میں دہشتگردی کی دفعات نہیں ہیں ملزمان کو پولیس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے میرے اوپر ہونیوالے حملے میں راجہ فاروق اور راجہ شاداب سمیت تین افراد ملوث ہیں جو کہ ایف آئی آر میں بھی نامزد ہیں مظفرآباد کو وزیرستان نہ بنایا جائے بااثر حکومتی شخصیات اور ادارے ملزمان کو تحفظ دے رہے ہیں آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھے انصاف دیا جائے ۔

تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر حاجی گل خنداں نے کہا کہ اس معاملہ پر ہم نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سے ملاقات کی ہے انہوں نے ہمیں چوبیس گھنٹے میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی ہم نے اپنی پارٹی کی مرکزی قیادت کو تمام تر حالات سے آگاہ کر دیا ہے اگر ملزمان گرفتار نہیں ہوتے تو ہم احتجاج کر راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے اس ظلم اور نا انصافی کیخلاف آزاد کشمیر بھر میں تحریک انصاف احتجاج کرے گی