سابق وزیراعظم کوجوتا مار کر پارلیمنٹ کی توہین کی گئی :میجر(ر) گلزمان اعوان

مظفرآباد(اوورسیز نیوز آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر میجر(ر) گلزمان اعوان نے کہا ہے کہ قائدپاکستان میاں محمد نواز شریف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر کشمیری قوم رنجیدہ ہے ،اس قسم کی غیر اخلاقی حرکات ملکی بدنامی کا باعث بنتی ہیں ۔میاں محمد نواز شریف کی بڑھتی عوامی پزیرائی مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی اس لیے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو نشانہ بنا کر پارلیمنٹ کی توہین کی گئی ہے جس کی ہر باشعور شہری مذمت کرتا ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں کو ایسے بیمار ذہن لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہیے ورنہ جوتے مارنے اور سیاہی پھینکنے کا سلسلہ چل پڑے گا اور کسی کی بھی عزت محفوظ نہیں رہے گی ۔

میجر (ر) گلزمان اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان و آزادکشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے اور عوامی اقدامات کی وجہ سے مزید مقبول ہو رہی ہے ۔آنے والا دور بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا ۔ مخالفین کو چاہیے کہ میدان میں آ کر مسلم لیگ ن کا مقابلہ کریں ۔اوچھی حرکات سے کسی کو اقتدار نہیں ملے گا ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جوتا مارنے اور سیاہی پھینکنے کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہییں اور پس پردہ موجود عناصر کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہو سکیں ۔