شوکت خان اینڈ کمپنی کے ستائے کنٹریکٹرز نے چیف جسٹس سے سو موٹو ایکشن کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(اوورسیز نیوز آن لائن) شوکت خان اینڈ کمپنی کا سب کنٹریکٹرز سے کروڑوں کا فراڈ بے نقاب، سیاسی بل بوتے اور پیسوں کے زور پر کمپنی رجسٹرڈ کروانے کی بھی انکوائری کی جائے ، متاثرین نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کر دیا ۔

خلجی کنسٹرکشن لاہور، پی ایس ایل ٹیکنالوجیز لاہور، آغا محمد کنسٹرکشن کمپنی (ژوب کوئٹہ)،بن حنان کنسٹرکشن کمپنی اور علی خان کمپنی کے ٹھیکیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پراجیکٹس پر کام کروانے کے بعد کروڑوں کی مشینری اور کروڑوں روپے ہضم کر لیے جن کے تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ۔ظالم و جابر شخص نے نا انصافی کی حد کر دی ۔ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں ۔

متاثرہ ٹھیکیداروں نے بتا یا کہ شوکت خان کمپنی نے خلجی کنسٹرکشن کے ڈھائی کروڑ ، پی ایس ایل ٹیکنالوجیز کے ساڑھے 15کروڑ و مشینری، راجہ اصغر کے ڈیڑھ کروڑ، آغا محمد کنسٹرکشن کمپنی کے ساڑھے تین کروڑ ، علی خان کمپنی کے تیس لاکھ ادا کرنے ہیں ۔شوکت خان کمپنی نے مختلف ہتھکنڈوں اور میڈیا کے ذریعے ہمیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے ۔ مجموعی طور پر 28کروڑ40لاکھ سے زائد کی رقم ہضم کرنے کے لئے سیاسی اثر و رسوخ بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔

متاثرہ ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ ظالم کا ساتھ دینے والے یہ بھول گئے ہیں کہ ایک دن انہیں بھی اللہ کے سامنے جواب دہ ہونا ہے ۔ہم نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی اور قرض لے کر پراجیکٹ پر لگائی ۔ ہماری کروڑوں کی مشینری پر قبضہ کر لیا گیا ہے ۔

متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سو موٹو ایکشن لے کر شوکت خان اینڈ کمپنی کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر اعلیٰ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شوکت خان اینڈ کمپنی سے ہماری رقم واگزار کروائی جائے بصورت دیگر ہم خود سوزی پر مجبور ہونگے ۔ شوکت خان اینڈ کمپنی کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تا کہ آئندہ کسی غریب کے ساتھ کسی کو ایسا فراڈ کرنے کی ہمت نہ ہو سکے ۔