صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں۔

سینیٹ کے 52 نومنتخب ارکان نے رکنیت کا حلف اٹھالیا ہے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہے۔ چیرمین کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن اتحاد کے صادق سنجرانی میں سخت مقابلہ تھا۔ 104 رکنی ایوان بالا میں صادق سنجرانی نے 57 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر حکمراں اتحاد کے عثمان کاکڑ اور اپوزیشن کے سلیم مانڈوی والا مدمقابل ہیں۔

پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے گزشتہ روز چیئرمین کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے سلیم مانڈوی والا کا نام پیش کیا تھا۔ فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا۔

دوسری طرف مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے لیے راجہ ظفرالحق جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے عثمان کاکڑ کو امیدوار نامزد کیا تھا۔ حکومت اور اپوزیشن کے چاروں امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو منظور ہوگئے ہیں۔

سینیٹ میں پارٹی پوزیشن

سینیٹ کا ایوان 104 ارکان پر مشتمل ہے جس میں ن لیگ کے 33، پی پی پی 20، پی ٹی آئی 12، آزاد 17، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی 4، پشتون خوا میپ 3، جماعت اسلامی 2 اور بی این پی مینگل، فنکشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہے۔ امیدواروں کو جیتنے کے لیے 53 ووٹ درکار ہیں۔

 بشکریہ: ایکسپریس