مظفرآباد سپر لیگ کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے بہترین کاوش ہے:مسعود خان

مظفرآباد(اوورسیز نیوز آن لائن)ایم کے سٹی فائٹرز کے اونر اور ایم کے ٹریڈرز کے ایم ڈی مسعود خان نے سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادکشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجودہے بہتر پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث یہ ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا ہے ۔ مظفرآباد سپر لیگ کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے بہترین کاوش ہے۔ حکومت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے سرپرستی کرے ‘ فنڈز بھی مہیا کرے۔ آزادکشمیر میں جو موبائل کمپنیاں اور بینکس قائم ہیں انہیں چاہیے کہ وہ لیگز کو سپانسر کریں۔

اس موقع پر ایم کے سٹی فائٹرز کے کھلاڑی اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

مسعود خان نے مزید کہاکہ آزادکشمیر میں لیگز ہونی چاہیں۔ جب لیگز ہونگی تو کئی ایک سلمان ارشاد پیداہونگے۔ لاہور قلندر نے یہاں نوجوان ٹیلنٹ کو تراشا اس کے بعد دیگر فرنچائز بھی آئینگی۔ ہمیں ریجن کا درجہ مل چکا ہے۔ اچھا کھیل پیش کرنیوالے کھلاڑی قوم ٹیم میں اور پاکستان سپر لیگ میں کھیلیں گے۔ نڑول کرکٹ سٹیڈیم کو صرف کرکٹ کیلئے مختص کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ مظفرآباد سپر لیگ میں ہم نے اپنی کمپنی کی طرف سے ہر میچ میں مین آف دی میچ کیلئے تین ہزار اور دونوں ایمپائروں کیلئے ایک ایک ہزار روپے دئیے جاتے ہیں۔ دیگر فرنچائزز کو بھی اس طرف توجہ دینا چاہیے ۔ عوام بھی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کیلئے گراؤنڈ میں آئے کیونکہ جب کھیلوں کو فروغ ملے گا تو معاشرہ میں نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہونگے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید توجہ دی جائے۔